
فلورملوں نے سرکاری ریٹ پرآٹا بیچنے سے انکار کر دیا۔ کراچی میں ہڑتال کا اعلان کرکے ملوں کو تالے ڈال دیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق فلور ملز ایسوسی ایشن سندھ زون کے چئیرمین انصر جاوید نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے فوری طور سے غیر معینہ مدت کی ہڑتال پر جانے کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی کا 33 روپے فی کلو آٹا بیچنے کا حکم نہیں مان سکتے۔
اوپن مارکیٹ میں گندم کی فی کلو قیمت ساڑھے 35 روپے ہے ایسے میں 33 روپے فی کلو آٹا کیسے بیچ سکتے ہیں واضح رہے کہ اس وقت رمضان کے مقدس مہینے میں شہریوں کو چوالیس روپے فی کلو مہنگے داموں آٹا خریدنا پڑرہا ہے۔ انصر جاوید نے سرکاری حکام کی جانب سے بدھ کو دو فلور ملوں پر چھاپے اور گرفتاریوں کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے رویوں سے شہر میں آٹے کی قلت پیدا ہو جائیگی جس سے رمضان میں شہری مشکلات کا شکار ہوجائیں گے اور اگررویہ تبدیل نہ ہوا تو اگلے مرحلے میں پورے سندھ میں ہڑتال کریں گے۔
