
چمن سے دوسری بار اغوا ہونے والے آٹھ سالہ حکمت اللہ کو کوئٹہ سے بازیاب کرا لیا گیا۔ دیگر پانچ مغوی بچوں کے والدین اپنے جگر گوشوں کی بازیابی کے منتظر ہیں۔
اے آر وائی نیوز پر خبر نشر ہونے کے بعد بلوچستان انتظامیہ جاگ گئی۔ ہفتے کو چمن سے اغوا ہونے والا بچہ کوئٹہ سے بازیاب کرا لیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں لیویز اہلکاروں نے کئی علاقوں میں چھاپہ مار کارروائی کی۔ آٹھ سالہ حکمت اللہ کو کوئٹہ کے چورمل علاقے سے بازیاب کرا لیا گیا۔ والد عبدالرزاق بیٹے کی بازیابی پر پھولے نہیں سما رہے۔
انہوں نے خاص طور پر اے آر وائی نیوز کا شکریہ ادا کیا۔ چمن میں قانون نافذ کرنے والے ادارے اغوا کاروں کے سامنے بے بس نظر آتے ہیں۔ ایک ہفتے کے دوران اغوا کیے جانے والے بچوں کی تعداد چھ ہو گئی ہے۔ حکمت اللہ کو تو بازیاب کرا لیا گیا۔ بقیہ پانچ بچوں کے والدین منتظر ہیں کہ وہ اپنے جگر گوشوں کو دوبارہ کب دیکھ پائیں گے۔
