
واشنگٹن (جیوڈیسک) جرمنی اور امریکا کے شہری اپنے ممالک کے باہمی روابط کے حوالے سے انتہائی مختلف خیالات رکھتے ہیں۔ جرمنوں کے خیال میں برلن اور واشنگٹن کے تعلقات عدم اتفاق کا شکار ہیں جبکہ امریکی اس بارے میں قدرے مثبت ہیں۔
پیو ریسرچ سنٹر کے ایک تازہ جائزے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اپنے ممالک کے باہمی تعلقات کے حوالے سے جرمن اور امریکی ایک دوسرے سے بہت ہی مختلف خیالات رکھتے ہیں۔ زیادہ تر جرمن کہتے ہیں امریکا کے ساتھ تعلقات اپنی نچلی ترین سطح پر ہیں جبکہ امریکی اس بارے میں مثبت رائے رکھتے ہیں۔
اس سروے میں شامل امریکیوں میں سے پچیس فیصد کے خیال میں دونوں ممالک کے تعلقات خراب ہیں جبکہ جرمنی میں یہ تعداد تہتر فیصد ہے۔
یہ شرح منفی رجحان میں تیزی سے اضافے کی نشاندہی کر رہی ہے۔ مثال کے طور پر 2017ء میں چھپن فیصد جرمن شہری امریکا کے ساتھ روابط کو کمزور قرار دیتے تھے۔ جہاں تک دیگر ممالک سے تعلقات کا تعلق ہے تو جرمن اس معاملے میں کافی محتاط ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 2015ء میں جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے مہاجرین کے لیے سرحدیں کھولنے کے فیصلے کو ایک بہت بڑی غلطی سے تعبیر کیا تھا۔ وہ جرمنی کی پالیسیوں پر تنقید بھی کرتے رہے ہیں اور کبھی ان حق میں بیان بھی دیتے رہے ہیں۔
ہر دس میں سے سات امریکی شہریوں کا خیال ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ یہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ تعاون میں اضافہ کریں جبکہ صرف اکتالیس فیصد جرمنی امریکیوں کے ساتھ قریبی اشتراک کے خواہاں ہیں۔
جرمنی کے حوالے سے امریکیوں کی مثبت سوچ ہونے کے باوجود بہت کم ہی ایسے ہیں، جو خارجہ امور میں جرمنی کو امریکا کا ایک اہم ساتھی سمجھتے ہیں۔ امریکیوں کی نظر میں خارجہ پالیسی میں برطانیہ سینتیس فیصد کے ساتھ سر فہرست ہے جبکہ جرمنی نو فیصد کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔ جرمنوں کے خیال میں خارجہ امور میں ان کا سب سے قریبی ساتھی فرانس ہے۔
یہ سروے پیو ریسرچ سینٹر نے جرمن کؤربر فاؤنڈیشن کی مدد سے تیار کیا ہے۔
