
پیرس، گجرات (زاہد مصطفی اعوان) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے حکومت پنجاب کی طرف سے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے قائم کمیشن نے گجرات میں باقاعدہ کام شروع کر دیا ہے اور پہلے اجلاس میں کمیشن نے 5اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات کی سماعت کرکے رپورٹ اوورسیز کمشن پنجاب کو بھجواد ی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمیشن کے اجلاس کے بعد بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس کی صدارت ضلعی چےئرمین اوورسیز کمشن گجرات ایم پی اے چوہدری شبیر احمد نے کی جبکہ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ، ڈی پی او رائے اعجاز احمد ، ڈی او سی وقار حسین خان، ریونیو افسران نے شرکت کی۔ ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے بتایا کہ اوورسیز کمشن پنجا ب کی طر ف سے موصول ہونیوالی شکایات پراپرٹی سے متعلقہ تھیں جن کی بذریعہ ریونیو افسران چھان بین کی گئی اور شکایات کنندگان کو بھی بلا کر انکا موقف تفصیل سے سنا گیا۔
انہوں نے کہا اوورسیز پاکستانی وطن عزیز کا قیمتی سرمایہ ہیں جو ملک کی ترقی کے لئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں انکی شکایات کا ازالہ اور مسائل کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور کمشن کا قیام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔ اوورسیز کمشن پنجاب ضلع گجرات کے چےئرمین ایم پی اے چوہدری شبیر احمد نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں بھر پور دلچسپی لے رہے ہیں اور حکومت اوورسیز کی شکایا ت کے فوری حل کے لئے نہایت سنجیدہ ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے حکومت اور انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔
