تحریک تحفظ پاکستان کے مرکزی رہنماء روحیل اکبر نے حالیہ غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ توانائی بحران نے ملکی معیشت کو تباہ کرنے کے ساتھ عوام کا سکھ چین بھی چھین لیا ہے، سخت گرمی کے ستائے ہوئے لوگ بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث ذہنی مریض بن چکے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ، مہنگائی اور بے روزگاری سمیت دیگر مسائل کے ستائے ہوئے عوام نے مسلم لیگ(ن) کو 11 مئی کو اس امید کے ساتھ ووٹ دئیے کہ انہیں ریلیف ملے گا، اگر بجلی کی غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ نو منتخب حکومت کے دور میں بھی اسی طرح جاری رہا ،تو عوام مایوس ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کریں اگر سابق حکمرانوں کی طرح ماہ اور سال ہی گنتے رہے تو کوئی کام نہیں ہو سکے گا۔
