
لاہور (جیوڈیسک) امیرالمومنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کا یوم شہادت آج عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے، خلیفہ دوم کا دور خلافت اسلامی تاریخ کا سنہرا ترین دور سمجھا جاتا ہے۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا شمار خاتم النبین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے قریبی ترین ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کے بعد انہیں خلیفہ المسلمین منتخب کیا گیا، ان کے دور میں ناصرف اسلامی ریاست کی سرحدیں اٹھائیس لاکھ مربع میل تک پھیل گئیں۔
ایران اور روم کے علاوہ بیت المقدس فتح ہوا اور دنیا کی پہلی فلاحی ریاست کا تصور بھی سامنے آیا، ان کے دور کے بنائے فلاحی قوانین عمر لاء کے نام آج بھی برطانیہ میں نافذالعمل ہیں۔
مسجد نبوی میں نماز فجر کی ادائیگی کے دوران ایک غلام ابولولو فیروز نے آپ پر خنجر سے حملہ کیا، زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے آپ یکم محرم الحرام کو دنیائے فانی سے رخصت ہو گئے۔ آپ کی تدفین روضہ رسول صلی اللہ میں کی گئی۔
