
لاہور (جیوڈیسک) ملکی تاریخ کے بد ترین پٹرول بحران کے بعد حالات معمول پر آنے لگے۔ پٹرول کا نو روز جاری رہنے والا بحران اختتام پذیر ہو گیا ہے۔ شہر میں پٹرول پمپس پر تیل کی فراہمی معمول کے مطابق نظر آہی ہے اور چند روز قبل لگنے والی لمبی لمبی قطاریں اب ختم ہو چکی ہیں۔
پٹرولیم ڈیلرز کے مطابق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے تیل سپلائی بتدریج بہتر ہوتی جا رہی ہے جبکہ عوام میں بھی غیر یقینی صورتحال ختم ہونے سے طلب میں نمایاں کمی ہوئی ہے اور اب حالات معمول کے مطابق چل رہے ہیں۔
سی این جی سٹیشنز بھی بدستور کھلے ہیں تاہم سردی کی شدت بڑھنے سے گھریلو صارفین کی جانب سے سی این جی سٹیشنز کسی وقت بھی دوبارہ بند کرنے کے احکامات جاری ہو سکتے ہیں کیونکہ انتظامیہ نے پٹرول فراہمی معمول پر آنے تک ہی سی این جی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی تھی۔ سی این جی کی بندش سے پٹرول کی طلب میں اضافہ ہو نے کا خدشہ ہے۔
