
بالی وڈ (جیوڈیسک) دھرمیندر نے کہا ہے کہ کیا خوب ناچتا ہے ریتک۔ ایسا لگتا ہے جیسے اس کے جسم میں ہڈیاں ہی نہیں ہیں۔
دل چاہتا ہے کہ اسے بس مسلسل دیکھتے ہی رہو۔ ان دنوں دھرمیندر کبڈی پر مبنی فلم بدلاپور بوائز کے پروموشن میں مشغول ہیں اور اسی سلسلے میں ایک تقریب میں انھوں نے بالی وڈ کے نوجوان فنکاروں کی خوب تعریف کی۔
دھرمیندر سنگھ نے کہا کہ بڑے حسین اور خوبصورت لڑکے لڑکیاں آ رہے ہیں۔ فلمیں سو سو کروڑ روپے کما رہی ہیں۔ ہم نے تو کبھی سوچا ہی نہیں تھا کہ کبھی ایسا بھی ہوگا۔
پنجاب کے اداکار نے پرتگیہ، ستیہ کام، انوپما اور چپکے چپکے اپنی پسند یدہ فلمیں قرار دیں۔ کہا کہ مجھے بمل رائے اور رشی کیش مکھر جی کی فلمیں سب سے زیادہ پسند ہیں۔ دھرمیندر اور ہیما مالنی کی جوڑی بالی وڈ کی حسین ترین اور کامیاب ترین جوڑیوں میں شمار ہوتی ہے۔
ان کی معروف فلموں میں شعلے، کاجل، راجا جانی، دھرم ویر، چپکے چپکے، آنکھیں ، میرے ہمدم میرے دوست، آیا ساون جھوم کے، میرا گاوں میرا دیش، لوفر، وغیرہ شامل ہیں۔
