
نئی دہلی (جیوڈیسک) بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلموں کوئی مل گیا اور کرش کے بعد ہریتک روشن کی سائنس فکشن سیریز کا تیسرا حصہ” کرش تھری”ریلیز کے لیے تیار ہے جسکے نئے ڈائیلاگ پروموز بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
فلمساز و ہدایتکار راکیش روشن کی اس فلم میں ہمیشہ کی طرح انکے صاحبزادے ہریتک روشن بحیثیت روہت مہرا (باپ)، کرشنا مہرا (بیٹا) کے علاوہ پوتے کا مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ فلم کرش میں سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے والے ہریتک نے پچھلی فلم میں دو روپ بھرے تھے جس میں مرکزی ہیرو کے ساتھ ساتھ والد کا کردار بھی خود انہوں نے ہی نبھایا تھا تاہم فلم کے سیکوئل میں اس کردار کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے سپر ہیرو کا کردار کرش کے بیٹے کو سونپا گیا ہے۔
فلم کی کہانی کا تسلسل وہیں سے جوڑا گیا ہے جہاں پر پچھلی فلم کرش ختم ہوئی تاہم اس بار فلم میں ولن کے کرداروں کے لیے وویک اوبرائے اور کنگنا رناوٹ کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ پریانکا چوپڑا سمیت ریکھا اپنے سابقہ کرداروں میں جلوہ گر ہونگیں۔
سائنس فکشن اسٹنٹس اور ایکشن سے بھرپور یہ فلم کرش تھری رواں سال دیوالی کے موقع پریکم نومبر کو 2Dاور 3Dفارمیٹس میں سینما گھروں کی زینت بنائی جائے گی۔
