
حب (جیوڈیسک) افغانستان میں نیٹو فورسز کیلیے تیل لے جانے والے ٹینکرز پر بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں راکٹوں سے حملہ کیا گیا، حملے میں نیٹو کے 20 آئل ٹینکرز میں آگ لگ گئی،تاحال دو آئل ٹینکرز میں لگی آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔
آگ سے خاتون اور ایک ڈرائیور جھلس گیا۔ نیٹو کے آئل ٹینکرز کراچی سے براستہ حب افغانستان جارہے تھے۔ ٹینکرز کے ڈرائیوروں نے کھانا کھانے کیلیے آر سی ڈی ہائی وے پر بھوانی کے علاقے میں واقع ایک ہوٹل پر ٹینکر کھڑے کیے اس دوران 8 موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح ملزمان نے نیٹو کے آئل ٹینکرز پر فائرنگ اور راکٹوں سے حملہ کر دیا۔
حملے سے آئل ٹینکرز میں آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے قریب کھڑے نیٹو کے تمام 20 آئل ٹینکرز کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ سے ایک خاتون اور ڈرائیور بری طرح جھلس گئے۔
آئل ٹینکرز سے بہنے والے تیل کے باعث آگ نے آر سی ڈی ہائی وے کے ایک کلومیٹر حصے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جس کی وجہ سے کوئٹہ اور کراچی کے درمیان ٹریفک کی آمدورفت تین گھنٹے تک معطل رہی۔
