
لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر حافظ محمد ادریس نے مرکز خواتین میں خواتین کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ انسانی حقوق کا احترام اسلام ہی نے دنیا کو سکھایا ہے۔ نبی پاک ۖ نے جنگ میں بھی کسی عورت، بچے، بوڑھے اور عبادت خانوں میں بیٹھے کسی بھی مذہب کے پیروکارں پر ہتھیار اٹھانے سے منع فرمایا ۔اسلام نے عورتوں کو پہلی بار دنیا میں وراثت کا حق دیا ۔ جو لوگ وراثت میں عورتوں کو حق نہیں دیتے ، وہ اسلام کی صریح خلاف ورزی اور اللہ و رسول ۖ سے بغاوت کے مجرم ہیں۔
پاکستان میں عورتوں کو حقوق اسی وقت ملیں گے جب یہاں اسلامی نظام اپنی مکمل صورت میں نافذ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ مغربی تہذیب نے ہماری مسلم خواتین کو اپنے مذموم مقاصد اور شیطانی کلچر کے ذریعے گمراہ کرنے کا جال پھیلا دیا ہے ۔ہمیںاپنے بچوں کو ابتدا ہی سے اچھی تربیت دے کر شیطانی قوتوں کو شکست دینا ہوگی ۔ خاتون خانہ کی اصلاح ہوگی تو پورے خاندان کی اصلا ح ہو جائے گی ۔ حافظ محمد ادریس نے کہا کہ جماعت اسلامی شعبہ خواتین کو دروس قرآن میں ہر طبقہ کی خواتین کو مدعو اور شامل کرنا چاہیے۔
خواتین مردوں کے مقابلے میں اسلام سے زیادہ قریب ہیں ۔ خواتین کے اندر بیداری پیدا ہو گی تو پاکستان کو اسلامی انقلاب سے کوئی محروم نہ کرسکے گا۔ انہوں نے کہاکہ قومی خوش حالی بھی اسلام سے وابستہ ہے اسلامی پاکستان ہی خوشحال پاکستان ہو گا۔
