
پاکستان (جیوڈیسک) اکانومی واچ کے صدر ڈاکٹر مرتضی مغل نے کہا ہے کہ بااثر کیپٹو پاورلابی توانائی بحران کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، کئی سال سے اوگرا اور نیپرا کی منظوری کے بغیر سستی ترین گیس حاصل کرنے والی لابی کے سامنے موجودہ حکومت بھی بے بس نظر آتی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فرنس آئل سے 91 فیصد سیکم قیمت پر گیس خریدنے والے نجی بجلی گھر مالکان کو اوگرا اور پلاننگ کمیشن کی مخالفت کے باوجود نوازا جا رہا ہے جبکہ انکے اثرور سوخ کا یہ عالم ہے کہ ان کی مخالفت پرسابقہ دور میں وزارت بجلی اور وزارت پٹرولیم کے چار سیکرٹری کھڈے لائن لگائے جا چکے ہیں۔
ڈاکٹر مرتضی مغل نے کہا کہ سابق مشیر پٹرولیم نے اس لابی کے اشارہ پر گیس کی فراہمی کی ترجیحی فہرست کسی کی رائے لئے بغیر بیس روز میں تین بار تبدیل کی، ان حالات میں نہ تو بجٹ کا خسارہ اور نہ عوام کے مسائل کم ہو سکتے ہیں جبکہ توانائی کا بحران بڑھتاہی چلا جائے گا۔
