
اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے صاحبزادے ارسلان افتخار نے عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دستاویزات کیلئے الیکشن کمیشن کو درخواست بھی دے دی۔ کہتے ہیں عمران خان صادق اور امین نہیں آرٹیکل باسٹھ، تریسٹھ پر بھی پورا نہیں اترتے۔
مئی دو ہزار تیرہ کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر عمران خان نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری پر بھی الزامات لگائے۔ دنیانیوز کے پروگرام میں سابق چیف جسٹس کے صاحبزادے ارسلان افتخار نے عمران خان کو الزام تراشی بند کرنے کی وارننگ دی۔
اب فریقین کی زبانی لڑائی قانونی جنگ میں بدلتی دکھائی دے رہی ہے۔ ارسلان افتخار نے عمران خان کو کٹہرے میں لانے کیلئے ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے قانونی ماہرین سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔
سابق چیف جسٹس کے صاحبزادے نے اسلام آباد میں سیکریٹری الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور چیئرمین تحریک انصاف کی دستاویزات کے حصول کی درخواست جمع کرائی۔
ارسلان افتخار کا کہنا تھا کہ عمران خان کی انتخابی اہلیت کے حوالے سے ابہام پیدا ہو گیا ہے وہ آئین کے آرٹیکل باسٹھ تریسٹھ پر پورا نہیں اترتے شاید انہوں نے اپنے گوشواروں میں بیٹی کا ذکر بھی نہیں کیا پاکستانی شہری اور ووٹر کی حیثیت سے ان کے خلاف ریفرنس دائر کریں گے۔ ریفرنس کیلئے بیرون ملک سے بھی مصدقہ دستاویزات منگوائی جائیں گی۔
