
پشاور (جیوڈیسک) پشاور کے ارباب نیاز سٹیڈیم میں آزادی تقریبات کے سلسلے میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کی ٹیموں کے درمیان ٹی 20 میچ کھیلا گیا جو پنجاب الیون نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آخری اوور میں جیت لیا۔
پنجاب الیون کے کپتان کامران اکمل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، خیبر پختونخوا الیون کی جانب سے یاسرحمید اور فخرزمان نے اوپننگ کی۔
ٹیسٹ کرکٹر یاسر حمید نے شاندار اننگ کھیلتے ہوئے 52 گیندوں پر 70 رنز بنائے، فخرزمان 37 رنز جبکہ محمد رضوان 22 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔
خیبر پختونخوا الیون نے 165 رنز بنائے۔ پنجاب الیون کی جانب سے محمد عرفان اور بلاول بھٹی نے دو،دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پنجاب الیون کی ٹیم ابتدائی طور پر سبنھل نہ سکی اور وکٹیں تیزی سے گرتی رہیں، تاہم بابراعظم کے 41 اور علی وقاص کی 22 رنز کی اننگز نے ٹیم کو سنبھالا دیا اور 7 وکٹوں کے نقصان پر پنجاب الیون نے مقررہ ہدف پورا کر لیا، خیبر پختونخوا الیون کی جانب سے عمران نے تین اور عثمان شنواری نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
سٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی جو دونوں ٹیموں کو بھرپور داد دیتی رہی اور ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کرتی رہی۔
