
اترپردیش (جیوڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے رانی پور میں خاتون سے اجتماعی زیادتی کا ایک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آیا ہے۔ درندوں نے زیادتی کے بعد خاتون کو درخت سے لٹکا کر مار ڈالا۔
اجتماعی زیادتی کا شکار ہونے والی پنتالیس سالہ خاتون کا تعلق بھی نچلی ذات سے ہے۔ خاتون کو بہرائچ کے علاقے سے اغوا کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ملزم اسے نزدیکی گاؤں رانی پور میں لے گئے جہاں اجتماعی زیادتی کے بعد درندوں نے اسے درخت سے لٹکا کر مار ڈالا۔ مقامی لوگوں کے مطابق متاثرہ خاتون نے کچھ روز قبل جرائم پیشہ افراد کے خلاف پولیس کو شکایت کی تھی۔
اس واقعے کے پیچھے ان جرائم پیشہ افراد کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ دو ہفتے اترپردیش کے ضلع بدایوں میں بھی نچلی ذات کی دو بچیوں کو اجتماعی زیادتی کے بعد درخت سے لٹکا کر قتل کر دیا گیا تھا۔
