
کراچی (جیوڈیسک) کراچی سے لاہور جانے والی ٹرینیں سولہ گھنٹے تاخیر تک پہنچ رہی ہیں۔ دوسری جانب اندرون ملک سے کراچی آنیوالی ٹرینوں کا شیڈول بھی بدستور متاثر ہے۔ ٹرینیں آٹھ سے دس گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔ عید کی تعطیلات میں پر مسرت لمحات اپنے گھروں میں گزارنے کے بعد اب عوام کو کٹھن مرحلے سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ مسافروں کو ریلوے اسٹیشنز پر گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔
کراچی سے لاہور جانے والی تمام ٹرینیں بدستور تاخیر کا شکار ہیں۔ ریلوے حکام نے بارشوں اور سیلاب کا بہانہ بنا کر مزید تاخیر کردی ہے۔ پاکپتن سے لاہور پہنچنے والی ٹرین سب سے زیادہ تاخیر کا شکار ہے۔ جس کا دورانیہ سولہ گھنٹے سے بھی بڑھ گیا ہے جبکہ کراچی ایکسپریس کو آج صبح لاہور پہنچنا تھا لیکن تاخیر کی وجہ سے رات میں پہنچے گی۔
دوسری جانب اندرون ملک سے کراچی آنے والی ٹرینیں بھی کچھ کم نہیں اور آٹھ سے دس گھنٹے تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔ صبح چھ بجے آنے والی خیبر میل کئی گھنٹوں تاخیر کا شکار ہے۔ ملت ایکسپریس جس کو صبح آٹھ بجے آنا تھا۔ دس گھنٹے تاخیر کے بعد پہنچی۔ قراقرم ایکسپریس آٹھ گھنٹے، کراچی ایکسپریس تیرہ گھنٹے، نائٹ کوچ آٹھ گھنٹے تاخیر کا شکار رہی۔ جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
