
بغداد (جیوڈیسک) عراقی فوج اور کرد سکیورٹی فورسز البیش المرکہ نے تیل کی دولت سے مالا مال شمالی شہر کرکوک پر داعش کے جنگجوں کے قبضے کی کوشش ناکام بنا دی اور شدید لڑائی کے بعد ان کے بڑے حملے کو پسپا کر دیا۔
داعش کے جنگجوئوں نے کرکوک کے مغرب کی جانب واقع تین دیہات پر چڑھائی کی جس کے بعد ان کی عراقی فوج اور البیش المرکہ کے ساتھ لڑائی شروع ہو گئی جو کئی گھنٹے تک جاری رہی، البیش المرکہ کے ایک میجر جنرل وستا رسول نے بتایا کہ داعش کے جنگجو تیل کی تنصیبات پر قبضہ کرنا چاہتے تھے۔
مقامی افسر اور ڈاکٹر نے بتایا کہ اس لڑائی میں البیش المرکہ کے ایک کرنل سمیت چھ اہلکار ہلاک اور اٹھائیس زخمی ہو گئے۔
ادھر مغربی صوبے الانبار کے دارالحکومت رمادی میں بھی داعش کے جنگجوں اور عراقی سکیورٹی فورسز کے درمیان شدید لڑائی کی اطلاع ملی ہے اور عراقی فوجی شہر کے وسط میں واقع سرکاری کمپلیکس کے دفاع کی کوشش کر رہے ہیں۔
عراقی پولیس کے ایک کرنل حامد شاندخ نے بتایا کہ جنگجو صوبائی گورنر کے دفتر سے چند میٹر کے فاصلے پر رہ گئے ہیں۔
