
نیویارک (جیوڈیسک) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے عراقی مشن میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دیدی۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اپنے عراق مشن میں مزید ایک سال کی توسیع کر دی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سلامتی کونسل نے اپنے عراق مشن میں مزید ایک سال کی توسیع کیلئے متفقہ طور پر قرارداد کی منظوری دی ہے۔
جس کے بعد اقوام متحدہ اب اکتیس جولائی 2014 تک عراق میں اپنا مشن جاری رکھے گا۔ قرارداد میں عراقی سیاسی جماعتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے متاثرہ شہریوں کی تعمیر نو اور بحالی کے لیے تمام تر اہم اقدامات کرینگے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ عراقی حکام ملک میں اقوام متحدہ کے اہلکاروں کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں تاکہ عراقی عوام سلامتی کونسل کے مینڈیٹ سے بھرپور طریقے سے مستفید ہو سکیں۔
