
بغداد (جیوڈیسک) عراق میں 2 خودکش حملوں سمیت 7 مختلف دھماکوں کے نتیجےمیں 21 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق صوبہ کرکوک کے علاقے لائی میں دو کاروں میں نصب دھماکا خیز مواد پھٹنے سے 8 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوگئے۔
جبکہ صوبہ صلاح الدین میں 2 مختلف بم دھماکوں میں ایک فوجی سمیت 3 پولیس اہلکار ہلاک ہو گئے جبکہ تزخورماتو میں دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوا، اسی طرح شمالی عراق میں سلیمان بنک کے علاقے میں ٹرک سوار خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
دوسری جانب دارالحکومت بغداد میں کار سوار خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوئے جبکہ بغداد کے ہی شمالی علاقے میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے 2 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جب کہ صبا اکبر میں فرقہ وارانہ فسادارت کے نتیجے میں 2 افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا۔
