
اسلام آباد : 25 ستمبر 2013 اسلام آباد کے سیاسی قائدین کے ایک وفد نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عامر علی سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام، آرڈینس کی تیاری اور حکومتی نکتہ نظر سے آگاہی حاصل کرنا تھا۔ وفد میں سید بلال، الیاس مہربان، فیصل سخی بٹ، رضوان صادق خان، انجم عقیل خان (سابق MNA)، شفیق عباسی اور عاشق خان شامل تھے۔
وفد نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عامر علی سے ملاقات کے دوران کہا کہ جمہوری معاشرے میں اختیارات مرکز کی بجائے مقامی سطح کے عہدیداران کے پاس ہوتے ہیں۔ وفد نے مزید کہا کہ مقامی نظام حکومت کو مضبوط کر کے ترقی یافتہ ممالک نے کامیابی کی منازل طے کی ہیں اور پاکستان کو بھی ان کی تقلید کرنی چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عامر علی نے وفد کو ہر قسم کے تعائون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد مقامی حکومت کے آرڈینس کے ڈرافٹ کو حتمی شکل دے کر قومی اسمبلی سے منظور کر وا لے گی۔
اور اس ضمن میں آپ کی جانب سے اگر کوئی تجاویز ہیں تو وہ حکومت کو پیش کی جا سکتی ہیں۔ وفد میںشامل تمام سیاسی رہنمائوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کے مسائل کو ان کی دیلیز پر حل کرنے کے لئے جب تک اختیارت مقامی اور لوکل سطح پر نہیں دیے جائیں گے تب تک پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔
مقامی حکومت کے قیام میں تاخیر کی وجہ سے پاکستانی عوام، گیس، صحت وصفائی، تعلیم، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر کے علاوہ دیگر بنیادی ضرورت زندگی سے محروم ہیں۔ اور لوگوں کے مسائل دن بدن بڑھتے جا رہے ہیں۔ حکومت جلد از اسلام آباد میں مقامی حکومت کے قیام کے آرڈینس کو حتمی شکل دیتے ہوئے مقامی حکومت کا قیام جلد ازجلد ممکن بنائے۔

