
کراچی (جیوڈیسک) عدالت کے حکم پر تنزلی پانے کے بعد متعدد پولیس افسران کالعدم تنظیموں کے خوف سے اپنے اپنے گھروں یا آبائی علاقوں میں روپوش ہیں۔
موجودہ پولیس افسران میں کوئی ایسا افسر نہیں جو اپنے طور پر یا حساس اداروں کے ساتھ مل کرکالعدم تنظیموں یا خطرناک دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کر سکے، موجودہ پولیس افسران چھوٹے موٹے جرائم پیشہ یا گٹکا فروشوں کے علاوہ کسی کے خلاف کارروائی کرنے پر تیار نہیں ہیں۔
یہ بات سی آئی ڈی میں تعینات ایک پولیس افسر اور ایک مخبر نے بات چیت کرتے ہوئے بتائی، سی آئی ڈی افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ موجودہ پولیس افسران میں شہید ایس ایس پی محمد اسلم خان وہ واحد پولیس افسر تھے جواپنی ٹیم کے ساتھ شہر میں کالعدم تنظیموں کے خلاف نہ صرف کھل کر کام کررہے تھے بلکہ ان کی دہشت گردی کے قصوں کا میڈیا پر آکر برملا اظہار بھی کرتے تھے۔
چوہدری اسلم کی کارروائیوں سے کالعدم تنظیمیں اور منشیات کے اسمگلرخوف زدہ تھے اور وہ شہر میں کھلے عام کارروائیوں سے خوف زدہ تھے انھیں معلوم تھا کہ شہید اسلم کے مخبروں کا نیٹ ورک اتنا مضبوط ہے کہ کسی بھی کارروائی کا انھیں کسی نہ کسی طرح پتہ چل جاتا ہے۔
