کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کے فکرو فلسفے پر عمل کرتے ہوئے بلا تفریق رنگ و نسل عوامی خدمات کا سفر کل بھی جاری تھا آج بھی جاری ہے اور ہمیشہ جاری رہے گا ،شہر کراچی کی ترقی اور عوامی خوشحالی میں حق پرست قیادت کا مثالی کردار ہے نچلی سطح تک اقتدار میں عوامی شراکت داری کے لئے فعال بلدیاتی نظام کا نفاذ ضروری ہے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی میں علاقائی مسائل اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری انتظامات کے معائنے کے موقع پر نوجوانون کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر نوجوانوں نے شہر قائد میں مثالی ترقی اور عوام کو اُن کی دہلیز پر بنیادی سہولیاتی کی فراہمی پر حق پرست قیادت خصوصاً نوجوان سابق سٹی ناظم سید مصطفی کمال کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہاکہ پاکستان کی تاریخ میں شہر کی مثالی ترقی کا سہرا قائد تحریک محترم الطاف حسین کے ویژن کو جاتا ہے جن کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے حق پرست قیادت نے باہمی ٹیم ورک کے ساتھ عوامی خدمت کے فرائض انجام دیتے ہوئے ایک ایسے شہر جس کا ماسٹر پلان موجود نہ ہو اسے ترقی اور یہاں کے عوام خواہ وہ شہری علاقے کے ہوں یا کچی آبادیوں و گوٹھون کے انہیں مسائل سے نجات دلا ئی،حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ بد قسمتی سے آج کے اس جمہوری دور میں جمہوریت کی نرسری کو آمریت کے چھتری تلے کردیا گیا ہے سندھ ناقص بلدیاتی نظام کے نفاذ کے بعد سند ھ کا شہری ہو یا دیہی علاقہ عوام مسائل کا شکار ہیں۔
حد تو یہ ہے کہ بلدیاتی اداروں کے ملازمین تنخواہوں اور پنشنوں سے بھی محروم ہیں شہری اور دیہی علاقے کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہوچکا ہے اور حکمراں سب اچھا ہے کا راگ آلاپ رہے ہیں اور شہر کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح بھی وزیر اعلیٰ ہائوس کے اندر کرتے ہیں نشاط ضیاء قادری نے حکمرانوں سے کہا ہے یونین کونسل کی سطح تک بلدیاتی نظام کو فعال بنا یا جائے اور سندھ مین فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں بعد ازان حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے فوری اقدامات کرکے عوامی شکایات کا ازالہ یقینی بنائیں۔
