
کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے سرجانی میں فائرنگ سے دو افراد جبکہ لانڈھی میں دو گروپوں کے درمیان تصادم میں چار افراد جان کی بازی ہار گئے۔افغان بستی میں کریک ڈائون سے کالعدم کارندوں سمیت 52 افراد گرفتار کر لیے گئے۔
لانڈھی میں رینجرز سے مقابلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا ، لیاری پولیس مقابلے میں کالعدم تنظیم احرار الہند کے دو کارندے ہلاک ہو گئے ، شہریوں کے تشدد سے ایک ڈاکو ہلاک ، دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
لانڈھی کے علاقے لیبر سکوائر میں دو گروپوں میں تصادم سے تین افراد جاں بحق اور دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ لیاری کے علاقے دریا آباد میں رینجرز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد نادر عرف ملا نادر مارا گیا۔ گلشن اقبال میں ایک ڈاکو پولیس مقابلے کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔
جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔ دوسری طرف سپرہائی وے کے قریب جنجال گوٹھ میں سی آئی ڈی پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی تو دہشت گردوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔
جوابی فائرنگ سے دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے ، دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم احرار الہند سے ہے ادھر کریم آباد میں شہریوں نے ڈاکوؤں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس سے ایک ڈاکو ہلاک ، دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
