
کراچی (جیوڈیسک) شہر قائد میں قتل و غارت گری اور لاشیں ملنے کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ آج صبح لیاری ندی سے دو لاشیں ملیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین کو فائرنگ کے بعد ندی میں پھینکا گیا۔ عیسیٰ نگری میں بھی ندی سے دو لاشیں برآمد ہوئیں۔
ڈی ایس پی ناصر لودھی کے مطابق دونوں افراد کو تشدد کے بعد ہلاک کیا گیا۔ پولیس نے قانونی کارروائی کے لئے لاشوں کو ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔ چاروں جاں بحق ہونے والوں میں سے تاحال کسی کی شناخت نہیں ہو سکی۔
پولیس کے مطابق چاروں افراد کو ایک ہی انداز سے قتل کیا گیا۔ مقتولین کی عمریں 25 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔ ادھر کورنگی ایک نمبر سے بھی ایک شخص کی لاش ملی۔ پولیس کے مطابق مقتول کی عمر 16 سال ہے جس کے گلے پر چھری پھیر کر قتل کیا گیا ہے۔
