
کراچی (جیوڈیسک) سندھ حکومت نے یوم عاشورہ کے بعد پولیو سے متاثرہ 11 یوسیز میں کریش پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی کو 4 ماہ میں پولیو فری شہر بنا دیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی زیر صدارت انسداد پولیو سےمتعلق اجلاس ہوا جس میں محکمہ صحت، عالمی ادارہ صحت، یونیسیف سمیت دیگر نمائندگان نے بھی شرکت کی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یوم عاشور کے بعد پولیو سے متاثرہ کراچی کی 11 یونین کونسلز میں انسداد پولیو کے لیے کریش پروگرام شروع کیا جائے گا جبکہ کراچی میں سکیورٹی خدشات کے باعث پولیو ٹیموں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے پولیس فورس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا جو ایس ایس پی کی سربراہی میں 700 اہلکاروں پر مشتمل ہو گی۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی پولیو وائرس کو دہشت گردوں کے برابر خطرناک سمجھتی ہے اور اس کے خاتمے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، کریش پروگرام کے ذریعے 4 ماہ میں کراچی کو پولیو فری شہر بنا دیں گے۔
