لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدر نے کہا ہے کہ الحاق پاکستان کے لئے بہایا گیا کشمیری شہداء اکا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔ کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق ، حق خودارادیت دیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں کشمیری طلبہ کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ 13 جولائی 1931 کو کشمیر کے نوجوانوں نے اپنی جانوں کا نذارانہ پیش کر کے تحریک آزادی کا آغاز کیا جو آج تک جاری ہے۔
ہندوستا ن کشمیر میں جنگی جرائم میں ملوث ہے لیکن عالمی امن کے دعویدار اس کے جرائم کی پردہ پوشی کر رہے ہیں۔مقبوضہ وادی میں بے گناہ نوجوانوں کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں، حریت کانفرنس کی قیادت کو نظر بند کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ نے کشمیریوں کا حق خوداردیت تسلیم کیا ہوا ہے لیکن ہندوستان کی ہٹ دھرمی کے باعث انہیں یہ حق نصف صدی سے زائد عرصہ گذرنے کے باوجود نہیں مل۔
ناظم اعلیٰ جمعیت نے مزید کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت کا یک طرفہ طور پر بھارت کی جانب دوستی کا ہاتھ بڑھانا کشمیریوں کے لہو سے غداری کے مترادف ہے، کشمیری پاکستان کی بقاء کی خاطر اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں اور حکمران ان قربانیوں کو پس پشت ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ۔ ایمنسٹی انٹر نیشنل اور دیگر ادارے ہندوستان کے مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کوا ن کا حق دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں۔
