کراچی: بلدیہ عظمیٰ کراچی محکمہ لوکل ٹیکس کی جانب سے نادہندگان اور غیر قانونی طور پر شہر میں آویزاں سائن بورڈ ،ہوڈنگ اور پبلسٹی میٹریل کے خلاف بھر پور مہم چلا نے کا آغاز کردیا گیا۔ ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی رئوف اختر فاروقی کی ہدایت پر محکمہ کی ریکوری کو بہتر بنا نے اور صوبائی وزیر بلدیاتی شرجیل انعام میمن کے احکامات پر عمل درآمد کرتے ہوئے شہر سے غیر قانونی اور فحش ہوڈنگ سائن ہٹانے کے حوالے سے لائحہ عمل ترتیب دینے کے لئے سنیئر ڈائریکٹر لوکل ٹیکس کے ایم سی عبدالراشد خان کی صدارت میں محکمہ لوکل ٹیکس کے ایڈیشنل ڈائریکٹرز ،ایریا انسپکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نادہندہ گان اور بلا اجازت غیر قانونی طور پر شہر کی شاہراہوں پر آویزاں ہوڈنگ سائن اور نادہندگان کے خلاف جاری مہم کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر سنیئر ڈائریکٹر لوکل ٹیکس عبدالراشد خان نے افسران کو ہدایت کی کہ محکمانہ کار کردگی کو فعال بنا کر ریکوری کے نظام کو بہتر اور غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کی جائے واجبات کی وصولی کے لئے نادہندگان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور ایسے نادہندہ کمپنیز کو بلیک لسٹ قرار دیا جائے اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹرز اور ایریا انسپکٹرز نے مکمل یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ آج سے نادہندہ اور غیر قانونی ہوڈنگز کے خلاف شہر بھر میں آپریشن کو مزید تیز کردیا جائے گا اس موقع پر ڈائریکٹر عبدالراشد خان نے تمام ایریا انسپکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ علاقائی سطح پر نادہندہ گان کی لسٹ مرتب کریں تاکہ ان کے خلاف فوری ایکشن لیا جاسکے اس موقع پر انہوں نے محکمہ لوکل ٹیکس کو مکمل کمپیو ٹرائز اور میڈیا سکیشن کا شعبہ قائم کرنے کا بھی اعلان کیا۔
