
دمشق (جیوڈیسک) برطانیہ میں قائم سیرئن آبزر ویٹری فار ہیومن رائٹس جس کے شام کے اندر ذرائع ہیں، اس نے بتایا ہے کہ کوبانی میں کرد افواج سے لڑتے ہوئے داعش کے 374 سے زائد شدت پسند ہلاک ہوچکے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ 258 کرد جنگجو، کردوں کی حمایت کرنے والے دیگر 10 افراد اور 20 شہری بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔
آبزرویٹری نے کہا ہے کہ ہلاکتوں کے بارے میں ان کی جانب سے دیے جانے والے اعداد دوگنا ہوسکتے ہیں، جس کی وجہ داعش اور کرد افواج دونوں کی طرف سے ہلاکتوں کی تعداد کے بارے میں برتی جانے والی انتہائی درجے کی رازداری ہے۔ امریکا عراق میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر فضائی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہے۔
داعش کی جانب سے کوبانی پر دھاوا بولنے کا عمل ستمبر میں شروع ہوا، اور اس کے نتیجے میں ہزاروں افراد، جن میں زیادہ تر تعداد شام کے کردوں کی ہے، سرحد پار کر کے ترکی میں داخل ہو چکے ہیں۔
