
لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر نابینا افراد نے ڈیوس روڈ پر ریلی نکالی جس میں معذور افراد نے حقوق کی عدم فراہمی کے پیش نظر احتجاجاً وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ جانے کی کوشش کی تو پولیس نے معذور افراد کا خیال کئے بغیر ان پر لاٹھی چارج شروع کر دیا۔
جس کے نتیجے میں متعدد نابینا افراد زخمی ہوگئے جس کے بعد معذور افراد نے ڈیوس روڈ پر حکومت کیخلاف شدید نعرہ بازی کی اور مطالبہ کیا کہ ملازمتوں میں معذور افراد کا کوٹہ دیا جائے اور آئین میں موجود تمام حقوق فراہم کئے جائیں۔
نابینا افراد نے پولیس تشدد کیخلاف وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے دھرنا دیدیا ہے جس سے مال روڈ پر ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا ہے۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب نے معذور افراد پر تشدد لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز کو انکوائری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ معاملے کی فوری رپورٹ دی جائے۔ نابینا افراد پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے نابینا افراد پر تشدد میں ملوث پولیس اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
