
لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیر صدارت پنجاب ایجوکیشنل اینڈوومنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائرکٹرز کا اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر بلدیات بلوچستان سردار مصطفیٰ خان نے بھی شرکت کی، اجلاس کے دوران تعلیمی فنڈ پروگرام کو مزید موثر بنانے اور دیگر متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں انتہا پسندی اور غربت جیسے مسائل پر قابو پانے کے لئے تعلیم ہی سب سے موثر ہتھیار ہے، جس کےفروغ کے لئے پنجاب حکومت دن رات کام کرہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیمی فنڈ پروگرام کے تحت اب تک طلبہ و طالبات کے لئے 59 ہزار وظائف جاری کئے جاچکے ہیں جبکہ اس پروگرام میں پنجاب کے علاوہ ملک کے دیگر صوبوں کے طلبہ کو بھی شامل کیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ تعلیمی فنڈ سے بلوچستان کے ایک ہزار 900 طلبہ و طالبات بھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
