
اسلام آباد (جیوڈیسک) حکومت نے لیبیا سے 5700 پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کے لئے 40 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی۔ لیبیا میں محصور پاکستانیوں کے فوری انخلا کے لیے ضروری فنڈز کی فراہمی سے متعلق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔
جس میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ لیبیا میں جاری خانہ جنگی کے دوران اب تک پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے 730 پاکستانیوں کو نکالا جاچکا ہے۔
تریپولی میں پاکستانی سفارت خانے کے قائم کردہ کیمپوں میں 2500 پاکستانی مقیم ہیں جبکہ 3200 دیگر پاکستانیوں کی سفارت خانے میں رجسٹریشن کرائی گئی ہے جوواپسی کے منتظر ہیں۔
سیکریٹری ایوی ایشن ڈویژن محمدعلی گردیزی نے بتایاکہ 28 اگست سے حج پروازوں کے آغاز کی وجہ سے پی آئی اے کے لیے لیبیا سے 5700 پاکستانیوں کے انخلا کے لیے جہاز مخصوص کرنا ممکن نہیں۔
انھوں نے کہاکہ پی آئی اے کو 1200 ڈالر فی کس لاگت آتی ہے۔ اس موقع پر وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ لیبیا میں محصور پاکستانیوں کے انخلا کے لیے فوری اقدام کیے جائیں۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں سفارت خانے کی جانب سے مقامی ایئرلائنوں کو آپریشن میں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے جنھوں نے 100 ڈالر فی کس پر آمادگی ظاہر کی ہے جو واحد دستیاب آپشن ہے۔ وزیر خزانہ نے وزیر اعظم کی مشاورت سے 5700 پاکستانیوں کے انخلا کے لیے سفارت خانے کو 40 کروڑ روپے جاری کرنے کی منظوری دی۔
