
لندن (جیوڈیسک) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں جنگ زدہ علاقوں میں جنسی تشدد کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس میں کشمیریوں کا موقف نہ سنے جانے پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔
کانفرنس کی میزبانی ہالی ووڈ کی اداکارہ انجلینا جولی اور برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے کی۔ مقبوضہ کشمیر کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں کشمیر کا ذکر تک نہیں ہوا، جبکہ ان 117 ممالک کی بات کی گئی جہاں جنسی تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں۔ کانفرنس میں بھارت کا بھی ذکر ہوا تھا لیکن کشمیر کے حوالے سے نہیں۔
کشمیر میں آرمڈ فورسز سپیشل پاورز ایکٹ جیسے متنازعہ قوانین کی بدولت بھارتی فورسز سزا سے بے خوف ہو کر جنسی تشدد کا ارتکاب کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادتی جہاں بھی ہو زیادتی ہی ہوتی ہے، تو پھر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی زیادتیوں پر بات کیوں نہیں کی جاتی۔
