
پیرس (جیوڈیسک) محبت میں ناکامی ڈینش ٹینس اسٹار کیرولین ووزینسکی کے دل کا روگ بن گئی، منگنی ٹوٹنے کے بعد کورٹ میں پہلی ہی آزمائش میں قدم لڑکھڑا گئے۔
وہ فرنچ اوپن کے ابتدائی معرکے میں بیلجیئم کے یانیا وکمائر کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہو گئیں، 2007 کے گرینڈ سلم ایونٹ میں ڈیبیو کے بعد پہلی مرتبہ 13 سیڈ کیرولین پہلے رائونڈ کی مہمان ثابت ہوئیں۔ یاد رہے کہ گذشتہ دنوں آئرش گالفر رورے میکلروئے نے ان سے تین سالہ تعلق توڑ دیا تھا، دلچسپ بات یہ ہے کہ شادی سے جان چھڑانے کے بعد میکلروئے نے یورپیئن ٹورمیں فتح حاصل کی جبکہ کیرولین کے ساتھ معاملہ الٹا ثابت ہوا۔
دریں اثنا گذشتہ روز فرنچ اوپن کے دیگر میچز میں سیکنڈ سیڈ چینی پلیئر لینا کو فرنچ پلیئر کرسٹینا میلڈینووک نے 7-5، 3-6 اور 6-1 سے ٹھکانے لگادیا، سیمونا ہالیپ نے الیسا کیلی بونووا کو 6-0 اور 6-2 سے مات دی، سربیا کی اینا ایوانووک نے کیرولین گارشیا کو 6-1 ، 6-3 سے زیر کر لیا، سویٹلانا کزنٹسووا، سلون اسٹیفنز اور جیلینا جینکووچ بھی کامیاب رہیں۔ مینز سنگلز میں ڈیوڈ فیرر نے اگور سیجلنگ، اینڈی مرے نے آندرے گلوبوف کو زیر کر لیا، لیٹن ہیوٹ پہلے رائونڈ سے آگے نہیں بڑھ پائے۔

