
جدہ (جیوڈیسک) فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے اسرائیل سے تعاون کی پالیسی کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دوبارہ انتشار اور تباہی کی جانب نہیں جا سکتے جیسا پہلے ہو چکا ہے۔
جدہ میں او آئی سی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محمود عباس نے اسرائیل سے تعاون کی پالیسی کا دفاع کیا۔ محمود عباس کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ انتشار اور تباہی کی جانب نہیں جا سکتے جیسا پہلے ہو چکا ہے اور ہم اس کا بخوبی مشاہدہ کر چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں سب کے سامنے کہہ رہا ہوں کہ ہم اس صورتحال کی جانب واپس نہیں جائیں گے جو ہمیں تباہ کر دے۔ محمود عباس کے اس بیان پر فلسطین میں شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
حماس کے ترجمان سامی ابو زہری نے محمود عباس کے بیان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بیان اسرائیل نواز ہے۔ ادھر سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ کے نائب شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے۔
کہ اسرائیل تین یہودیوں کی گمشدگی کی آڑ میں فلسطینی شہریوں کے خلاف ہولناک جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ فلسطینیوں کے خلاف جاری اسرائیلی فورسز کی کارروائیوں کو روکنے کیلئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔
