کراچی: ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے ضلع کورنگی کی شاہراہوں کو تجاوزات سے پاک بنانے اور ٹریفک کے نظام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے متعلقہ محکموں کو شاہراہوں سے تجاوزات اور غیر قانونی اسٹینڈز کا فوری خاتمہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے ضلع کورنگی میں بسنے والے ہر فرد کو مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کا تہیہ کررکھا ہے اور انشا اللہ افسران و ملازمین کے باہمی ٹیم ورک اور عوامی تعاون کے ذریعے ضلع کورنگی کے تمام علاقوں سے تجاوزات سمیت بلدیاتی مسائل کا خاتمہ کرکے عوام کو مسائل سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنا یا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے میونسپل کمشنر طلعت محمود اور تمام زونز کے متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ،کورنگی اور لانڈھی زونز کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی وستھرائی بلدیاتی مسائل اور خصوصاً تجاوزات کے حوالے سے عوام کو درپیش مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ایڈمنسٹریٹر غلام رسول نے مختلف شاہراہوں پر تجاوزات اور غیر قانونی وہیکل اسٹینڈز کے قیام پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ فوری طور پر اہم شاہراہوں ،سروس روڈز پر قائم تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
اسے مستقل بنیاد پر قیام کی روک تھام کو یقینی بنا یا جائے تمام زونز کے دورے پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے صفائی وستھرائی سمیت دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کا معائنہ کرتے ہوئے محکمہ سنیٹریشن کے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ کچرا کنڈیوں سے روزانہ کی بنیادوں پر کچرے کی منتقلی کے ساتھ گلیوں اور محلوں کے سطح پر صفائی و ستھرائی کے عمل کو مزید بہتر بنایا جائے۔
نائٹ سوئپنگ کے نظام کو ضلع کورنگی کے تمام زونز میں بہتر بنا کر اہم شاہراہوں اور بازاروں ،مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹروں کے اطراف صفائی وستھرائی کے انتظامات کی بہتری کی ہدایت کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی غلام رسول نے کہاکہ مکھی مچھروں اور انسداد ڈینگی کے حوالے سے تواتر کے ساتھ ضلع کورنگی کے تمام زونز میں جراثیم کش ادویات کے اسپرے کی انجام دہی کی بھی ہدایت کی ہے انہوں نے افسران و عملے کو ہدایت کی کہ وہ تندہی کے ساتھ عوامی خدمات کی انجام دہی کو یقینی بنائیں۔
