
نئی دہلی (جیوڈیسک) جرمنی نے دریائے رائن کو صاف کرنے کے اپنے تجربہ کے مدنظر گنگا کو صاف کرنے کی پیش کش کی ہے۔ جرمن ماہرین کی ایک ٹیم نے صورت حال کا معائنہ کرنے کیلئے دریائے گنگا کے کنارے آباد شہر کانپور کا دورہ کیا۔ ان ماہرین کے لئے یہ بات حیران کن ثابت ہوئی کہ شہر کا 41 ملین لٹر یومیہ گندا پانی دریائے گنگا میں جاتا ہے۔
جرمن ٹیم اس وقت مزید حیرت زدہ ہو گئی جب اسے معلوم ہوا کہ پانی کو آلودہ کرنے والے کارخانوں پر شکنجہ کسنے کا کوئی ٹھوس انتظام نہیں اور قانون شکنی کرنے پر محض 50 سے 200 روپے تک کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
بھارت کے سرکاری ادارے سنٹرل پالوشن کنٹرول بورڈ کی رپورٹ کے مطابق گنگا کی صفائی کے لئے مختلف منصوبوں پر حکومت اب تک 20,000 کروڑ روپے خرچ کر چکی ہے لیکن اس کے باوجود نتیجہ صفر ہے۔
