
میکسیکو سٹی (اصل میڈیا ڈیسک) میکسیکو میں حملہ آوروں نے ایک بار پر حملہ کر کے آگ لگا دی جس کے نتیجے میں 8 خواتین سمیت 23 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہو گئے جبکہ 13 زخمی ہیں۔
میکسیکو کے جنوبی علاقے میں واقع ’ بار کابالو بلانکو‘ پر رات گئے مسلح افراد نے حملہ کردیا اور بار کے اندر پٹرول بم پھینک کر آگ لگادی، حملہ آوروں نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کردیا جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔
فائر بریگیڈ کے عملے نے دو گھنٹے کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا تاہم اس دوران 23 افراد بری طرح جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 15 مرد اور 8 خواتین شامل ہیں جب کہ 13 افراد زخمی ہیں جن میں 4 حالت کی نازک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ آور بار کو نذر آتش کرنے کے بعد فرار ہو گئے جن کی تلاش میں چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ یہ 8 سال بعد دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ 2011ء میں ایک کیسینو پر حملے میں 52 افراد مارے گئے تھے۔
