
کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ عوام نے حق پرست قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اسے کبھی ٹوٹنے نہیں دینگے ،عوام کو بااختیار بنا کر انہیں علاقائی مسائل سے پاک معاشرے کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہ فیصل کالونی کا تفصیلی دورہ کرکے عوام کو درپیش بلدیاتی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر انہوں نے بلدیاتی اداروں سے کہاکہ عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے اقدامات کئے جائیں عوامی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچا نے کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لایا جائے شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کے دورے کے دوران حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عوامی وفود سے بھی ملاقات کی اور ان سے علاقائی مسائل اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی جانب سے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے عوام کو یقین دلا یا کہ حق پرست قیادت عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہے انہیں علاقائی مسائل سے نجات اور بلدیاتی سہولیات اُن کی دہلیز تک پہنچانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔
اس موقع پر انہوں نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل ٹائون میں صفائی وستھرائی کی ابتر صورتحال کو بہتر بنا یا جائے مساجد و امام بارگاہوں اور درسگاہوں کے اطراف صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات بہتر بنائے جائیں رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے متعلقہ بلدیاتی افسران سے کہاکہ گلیوں اور محلوں کی سطح پر عوام کو درپیش بلدیاتی مسائل سے نجات دلا نے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں۔
