
ایم کیو ایم کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ ہزاروں لاکھوں ووٹ لیکر منتخب ہوئے ہیں۔ ایم کیو ایم پر دہشت گردی کا لیبل لگانا لاکھوں ووٹرز کی توہین ہے جبکہ کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن میں گرفتار ہونے والے ایم کیو ایم کے متعدد کارکنان کو رہا کر دیا گیا۔
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے زونل اورسیکٹر دفاتر پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ اگر گرفتاری سے کراچی میں امن ہو سکتا ہے تو ہمیں بھی گرفتار کرلیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکناں کو تشدد کا نشانہ بنا کر جیلوں میں ڈالا جا رہا ہے۔
اس سے قبل ایم کیو ایم کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ ایم کیوایم کے تین کارکنان کو سرکاری حراست سے رہا کردیا گیا ہے۔ دو یونٹ انچارج اور ایک جوائنٹ رکن رہا ہونے والوں میں شامل ہیں۔
ایم کیوایم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے بیشتر کارکنان تاحال سرکاری حراست میں ہیں۔ اے این پی کے ترجمان کے مطابق اے این پی کے اسی کارکنان کو گرفتار کیا گیا تھا جن میں تہتر کو رہا کر دیا گیا۔ سات کارکنان تا حال حراست میں ہیں۔
