کراچی : حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروںسے کہا ہے کہ علاقائی مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات کا ازالہ فوری ممکن بنا نے کے لئے اپنے فرائض نیک نیتی کے ساتھ انجام دیں اور محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لاکر علاقائی ترقی اور عوام کو درپیش بلدیاتی مسائل کو حل کیا جائے شاہ فیصل کالونی کے مختلف شاہراہوں اور عبادت گاہوں کے تفصیلی دورے پر انہوں نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی کہ حفاظتی انتظامات اور ٹریفک کی روانی اور عوامی آمد ورفت میں حائل دشواریوں کے ازالے کے لئے ماہ محرم الحرام سے قبل شاہ فیصل زون کے حدود میں قائم تمام امام بارگاہوں ،مساجد و درسگاہوں اور مرکزی شاہراہوں ،سروس روڈ اور فٹ پاتھ پر قائم تجاوزات اور رکاوٹوں کا فی الفور خاتمہ کیا جائے دورے کے موقع پر شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے ایگزیگٹیوں انجینئر اسلم پرویز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
شاہ فیصل کالونی کے مختلف شاہراہوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ ٹریفک کی روانی کو بہتر بنا نے کے لئے اقدامات کرتے ہوئے سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو تجاوزات سے پاک بنا یا جائے سڑکوںپر قائم غیر قانونی رکشہ ،ٹیکسی سمیت ہر قسم کے وہیکل اسٹیڈز اور پارکنگ کا فوری خاتمہ کرکے مارکیٹوں اور شاپنگ سینٹروں کے اطراف پارکنگ کا موثر انتظام کیا جائے رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے شاہ فیصل کالونی کے مختلف امام بارگاہوں اور مساجد کا دورہ کرکے بلدیاتی سہولیات کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر انہوں نے منتظمین سے ملاقات کی اور ان سے عبادت گاہوں کے اطراف بلدیاتی مسائل پر تبادلہ خیال کی اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے موقع پر موجود متعلقہ افسران سے منتظمین کی باہمی مشاور ت کے ساتھ عبادت گاہوں کے اطراف رکاوٹوں کے خاتمے سمیت صفائی وستھرائی اور روشنی کے انتظامات سمیت دیگر بلدیاتی سہولیات کے حوالے سے انتظامات کرنے کی ہدایت کی۔
