کراچی : میونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کمال مصطفی نے ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ KMC سہیل احمد ، ایڈیشنل ڈائریکٹر KMC انیس احمد عثمانی,خالد اشرفی اور سلیم شیخ کے ہمراہ کورنگی زون کی تمام یونین کونسلوں کا عیدالاضحی کے تیسرے روز دورہ کیا اور آلائشیں اٹھانے اور ان کو خندقوں میں مدفون کرنے کے کام کا معائنہ کیا بلدیہ شرقی کورنگی زون میں عید الالضحیٰ کے موقع پر تمام یونین کونسلوں میں عید کے تینوں ایام ہیوی مشنری کے زریعے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لئے ایک منظم پروگرام ترتیب دیا گیا۔
اس پروگرام کے تحت بلدیہ شرقی کورنگی زون کے تمام افسران اور ملازمین کی ڈیوٹیاں لگائی گئیں ہر یونین کونسل میں ایک ایک شکایتی کیمپ قائم کیے گئے اس موقع پرمیونسپل کمشنر بلدیہ شرقی کمال مصطفی نے آلائشیں اٹھانے کے کام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی زون کے افسران و ملازمین نے جس جانفشانی اور محنت سے کام کیا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے انہوں نے مزیدکہا کہ بلدیہ شرقی کورنگی زون نے عید الاضحی کے موقع پر بلا امتیاز وتفریق اپنے تمام تر دستیاب وسائل کو برئوے کار لاتے ہوئے عوام کو صاف ستھرے اور صحت مند ماحول کی فراہمی کو ممکن بنایا ہے۔
جس کی وجہ سے کورنگی کی عوام کو عیدالاضحی کے موقع پر کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہوا موقع پر موجود فوکل پرسن طارق لطیف نے تفصیلات سے آگاہ کیا کہ کورنگی ٹائون میں پہلے روز 29500 دوسرے روز19980 اور تیسرے روز 6444 اس طرح مجموعی طور پر تقریبا 55924 آلائشیں اٹھا کر ٹھکانے لگائی گئی اور آلائشیں اٹھانے والی جگہوں پر فوری طور پر چونے کا چھڑکائو، جراثیم کش ادویات کا اسپرے اورسڑکوں کوفنائل سے دھویا گیا۔
رات کو پورے زون میں خوشبو کا اسپرے بھی کیاگیا انہوں نے مزید کہا کہ ہم کورنگی ٹائون کی تمام یونین کونسلوں میں بلا امتیاز اور برابری کی بنیاد پر بلدیاتی سہولیات و ضروریات کی فراہمی پر یقین رکھتے ہیں اور کورنگی کے عوام کو درپیش تمام جائز مسائل کو حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے انشااللہ ہماری کاوشوں کے نتیجے میں کورنگی کی عوام تبدیلی محسوس کر رہے ہیں اس موقع پر فوکل پرسن کورنگی زون طارق لطیف، اسسٹنٹ ہیلتھ آفیسر کورنگی زون سید سردار علی اور دیگر محکمہ جاتی افسران بھی موجود تھے۔
