کراچی : سپریم کورٹ کی جانب سے مشرف کی ضمانت ورہائی پرآل پاکستان مسلم لیگ کے عہدیداران و کارکنان سمیت ملک بھر کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔آل پاکستان مسلم لیگ سندھ کی جانب سے پرویز مشرف کی رہائی کی خوشی میں مرکزی سیکریٹریٹ واقع اے پی ایم ایل ہاؤس کشمیر روڈ کراچی میں ”یوم تشکر ” منایا گیا جس میں شکرانے کے نوافل ادا کئے گئے۔
صدقے کے بکرے کاٹے گئے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں جبکہ کارکنان و عہدیداران نے ایک دوسرے کو مٹھائیاں کھلائیں ‘اپنی مسرت کے اظہار کیلئے بھنگڑے ڈالے اور والہانہ رقص کیا ۔اس موقع پرتقریب میں شریک اے پی ایم سندھ کے رہنماؤں مسلم بھٹو، شاہد قریشی ‘وصی الدین’ اسلم مینائی ‘محمد بخش لاشاری، نائلہ انعام فیروزہ وارثی، نجمہ مینائی اور انفارمیشن سیکریٹری طاہر حسین سید ود یگر عہدیداران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بینظیر بھٹو قتل کیس اور ججز نظر بندی کیس کے بعد اب بینظیر بھٹو قتل کیس میں بھی عدم ثبوت کی بناء پرعدلیہ کی جانب سے مشرف کی ضمانت اور رہائی کے احکامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ مشرف پر قائم تمام مقدمات جھوٹے اوربے بنیاد ہیں۔
قیام پاکستان سے آج تک عوام کا استحصال کرنے والے عناصر و طبقات عوام کو خوشحال و با اختیار بنانے کی پاداش میں مشرف کیخلاف انتقامی کاروائی کررہے ہیں مگر اللہ کی رحمت اور پاکستان کے عوام مشرف کے ساتھ ہیں اور جس کے ساتھ اللہ اور پاکستان کے عوام ہوں اس کا کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ مشرف بہت جلد انہی عدالتوں سے باعزت بری ہوکر عوام کے اعتماد سے ایک بار پھر اقتدار میں آکر ملک و قوم کی خدمت کرینگے۔
