لاہور: اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ مسلم ثقافت معاشروں کی کامیابی کی ضمانت ہے، اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے، اس میں زندگی کے ہر پہلو کے بارے میں مکمل رہنمائی ملتی ہے۔
مغربی ثقافت کو اسلامی ممالک میں بتدریج رائج کیا جا رہا ہے حالانکہ مغربی معاشرہ بے لگام اور بے راہ رو ثقافت کے باعث خاندانی نظام کی تباہی کا سامنا کر رہا ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مسلم ثقافت کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ سیمینار ”مسلم ثقافت ، ماضی ، حال اور مستقبل ” سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مغرب کی اندھی تقلید مسلم معاشرے میں فحاشی اور عریانی پھیلانے کا باعث بنی ہے۔ مسلم نوجوانوں کا اخلاقی معیار گراوٹ کا شکار ہوا ہے۔ مسلمانوں کو ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسلم ثقافت سے دور کیا جا رہا ہے انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری سطح پر مسلم ثقافت کے فروغ اور اس کی بقا ء کے لئے اقدامات کئے جائیں ، طلبہ اس سلسلے میں اپنے حصے کا دیا جلائیں تاکہ اپنی ثقافت کو بچاتے ہوئے مغربی ثقافتی یلغار کا مقابلہ کیا جا سکے۔
