
مظفر گڑھ (جیوڈیسک) مظفرگڑھ میں پاک عرب آئل ریفائنری کی پائپ لائن سے تیل چوری کرنیوالے 6 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی پی او مظفرگڑھ رانا عبدالجبار کے مطابق ملزمان پاک عرب آئل ریفائنری کی مین پائپ لائن سے آئل چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے، جبکہ بااثر سیاسی شخصیات ملزمان کو چھڑانے کی کوششیں کر رہی ہیں، آئل چوری کا یہ سلسلہ 2010 سے جاری ہے۔
اب تک کروڑوں روپے کا تیل چوری کیا جاچکا ہے۔ اس سے پہلے جو ملزمان پکڑے گئے وہ عدم ثبوت کی وجہ سے عدالتوں سے چھوٹ چکے ہیں۔ اب پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی، گیس اور تیل چوری کے خلاف کارروائی کے حکم کے بعد ثبوت کے ساتھ بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالنا شروع کردیا گیا ہے۔ اب تک تیل چوری کرنے کے الزام میں 6 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
