
لاہور (جیوڈیسک) پاکستان علما کونسل کے سربراہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دو تین روز میں قوم حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکراتی عمل دوبارہ شروع ہونے کی خوشخبری سنے گی۔
ہمدرد سینٹر لاہور میں مولانا محمد ضیا القاسمی مرحوم کی کتاب ’’میرے دور کے علما مشائخ‘‘ کی تقریب رونمائی ہوئی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ ہمیں امن عزیز ہے، طالبان کے نمائندوں سے بات ہوئی ہے اور اب طالبان گروپوں میں لڑائی ختم ہو گئی ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے وطن واپس آنے پر مذاکراتی عمل دوبارہ شروع ہو جائے گا اور قوم جلد مذاکرات کی کامیابی کی خوشخبری سنے گی۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کے خلاف کریک ڈاون کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
