
اسلام آباد (جیوڈیسک) اپوزیشن جماعتوں پر مشتمل ایک جرگے نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں سیاسی بحران کے حل کے لئے تحریک انصاف کی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کی ، ملاقات میں مذاکرات جاری رکھے جانے پر اتفاق ہوا ہے۔
شاہ محمود قریشی کہتے ہیں مذاکرات کا اگلا دور آج سہ پہر 4 بجے ہو گا۔اپوزیشن کی مذاکراتی ٹیم نے سراج الحق کی سربراہی میں منگل کے روز پہلے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور پھر عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری سے ملاقات کی۔
مذاکراتی ٹیم میں رحمان ملک، لیاقت بلوچ، غازی گلاب جمال ،حا صل بزنجو اور کلثوم پروین بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت میں سراج الحق نے کہا کہ ہم یہاں حکومت کی طرف سے نہیں بلکہ عوام کی جانب سے آئے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں نے اتفاق کیا ہے۔
کہ اگر فریقین کسی معاہدے پر متفق ہوجائیں تو تمام سیاسی جماعتیں اس کی ضامن بننے کو تیار ہیں۔ بعد میں اپوزیشن مذاکراتی ٹیم نے تحریک انصاف کی ٹیم سے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر بات چیت کی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دونوں ٹیموں کے درمیان بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے، اور مذاکرات کا اگلا دور آج سہ پہر چار بجے رحمان ملک کی رہائش گاہ پر ہوگا۔
