
لاہور: صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے خزانہ رانا بابر حسین نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی اور ان کے معیار زندگی میں بہتری لانا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا ایجنڈا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا صوبائی بجٹ عوامی امنگوں کا آئینہ دار ہوگا۔
صوبائی بجٹ میں عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے منصوبوں کیلئے خطیر وسائل مختص کیے جائیں گے۔غریب اورمحروم معیشت طبقات کے فلاحی پروگراموں کیلئے زیادہ فنڈز رکھے جائیں گے۔آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عام آدمی کی فلاح وبہبود پر بھر پور توجہ دی جائے گی، آئندہ مالی سال کے صوبائی بجٹ میں ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے پسے ہوئے طبقات کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔تعلیم،صحت، زراعت، لائیوسٹاک، صنعت اوردیگر شعبوں کی ترقی کیلئے موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیکس وصولی کے نظام میں خامیاں دور کر کے محصولات میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔پنجاب حکومت ٹیکس وصولی کے نظام میں جامع اورموثر اصلاحات لارہی ہے ۔تمام متعلقہ ادارے ٹیکس وصولی کا ہدف مقرر کرکے اس کے حصول کیلئے موثر میکانزم اپنائیں۔
