
نکاراگوا (جیوڈیسک) وسطی امریکی ملک نِکاراگوا میں چین کی مدد سے پاناما نہر جیسی نہر کی کھدائی کے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اِس نہر کی تعمیر پر 50 بلین ڈالرز کی لاگت آئے گی۔
کھدائی شروع کرنے کی تقریب میں نِکاراگوا کے صدر ڈینئل اورٹیگا اور چینی تعمیراتی کمپنی کے صدر وانگ جیانگ موجود تھے۔ وانگ جیانگ کے مطابق یہ نہر نِکاراگوا کی کمزور اقتصادیات کو تبدیل کر دے گی۔
نکاراگوا لاطینی امریکا کے غریب ترین ملکوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ نہر 2019ء میں مکمل طور پر بحری جہازوں کی آمدورفت کے لئے تیار ہو جائے گی۔ نہر بحیرہ اوقیانوس اور بحرالکایل کا ملاپ کروائے گی۔
278 کلومیٹر طویل یہ نہر اپنی لمبائی، گہرائی اور چوڑائی میں نہر پانامہ سے بڑی ہوگی جو پہلے ہی ان دونوں سمندروں کو جوڑتی ہے۔ اس نہر کو ’گرینڈ کینال آف نکاراگوا‘ کا نام دیا گیا ہے۔ دوسری جانب اس نہر کے خلاف نکاراگوا میں مظاہرے اور احتجاج کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
اس کے مخالفین نے اس منصوبے کے نکاراگوا جھیل اور اس علاقے میں رہائش پذیر غریب افراد کے حوالے سے بھی تحفظات ظاہر کئے ہیں۔ یہ نہر اس جھیل سے گزرے گی جو علاقے میں میٹھے پانی کی فراہمی کا مرکزی ذریعہ ہے۔
