
واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا میں سردی کی لہر ابھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ کی صبح ریاست مینیسوٹا کا شہر منیا پولیس کا درجہ حرارت منفی بائیس ریکارڈ کیا گیا۔ مشی گن کے دور افتادہ علاقے ہیل میں بھی درجہ حرات منفی بیس سینٹی گریڈ تک گر گیا جو ایک نیا ریکارڈ ہے۔
ریاست ونسکونسن کے شہر میلواکی میں گزشتہ دس برس میں پڑنے والی سب سے زیادہ سردی ہے جہاں آج صبح درجہ حرارت منفی انیس سینٹی گریڈ تک گر گیا۔
شدید سردی کی وجہ سے متعدد ہائی ویز کو بند کر دیا گیا ہے۔ دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں آج صبح آٹھ درجہ حرارت منفی آٹھ سینٹی گریڈ جبکہ نیو یارک میں منفی بارہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادھر نیو یارک کے قریب دریائے ہڈسن میں برف جمنے سے ایک مسافر کشتی دریا میں پھنس گئی تاہم کشتی میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔
کوسٹ گارڈ نے کئی گھنٹوں کی محنت کے بعد برف کو کاٹ کر کشتی کے لیے راستہ صاف کیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ کچھ روز میں سردی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔
