
اسلام آباد (جیوڈیسک) امن جرگے کے سربراہ حاجی شیر محمد نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کو جلد از جلد ختم کرے، تاکہ متاثرین واپس اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔
پیر کو اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی شیر نے کہا کہ لوگوں کو ان کے آبائی علاقوں میں واپسی کی اجازت دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان جاری آپریشن کے باعث وسیع پیمانے پر لوگوں نے نقلِ مکانی کی ہے اور ان میں سے متعدد خاندان صوبۂ خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز میں شامل بچوں کو خیبر پختونخوا کے اسکولوں میں داخل کیا گیا ہے تاکہ ان کا تعلیمی نقصان نہ ہو۔ اس موقع پر جرگے کے ایک رکن ملک نور رحمان کا کہنا تھا کہ شناختی کارڈز میں دوہرے پتے کی وجہ سے متاثرہ افراد کو امدادی سہولیات نہیں مل سکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے متاثرین کو بھی امداد فراہم کی جانی چاہیٔے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ متاثرہ افراد کے خیال میں حکومت کی جانب سے جو امداد دی گئی ہے، وہ ناکافی ہے۔
